پیٹرول پانچ ڈالر فی گیلن سے متجاوز

0
121

نیویارک(پاکستان نیوز) امریکہ میں پیٹرول کی قیمت پہلی مرتبہ پانچ ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی ہے۔ روئٹرز کے مطابق سنیچر کو پیٹرول کی قیمت 5 ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی جبکہ ایک دن پہلے یہ قیمت اوسطا 4.9 ڈالر فی گیلن تھی۔ خیال رہے کہ امریکہ میں ایک گیلن میں پونے چار لیٹر ہوتے ہیں۔ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں صدر جو بائیڈن اور ان کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کے لیے سر دردی کا باعث بن گئی ہیں، بالخصوص ایسے وقت میں جب رواں سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات بھی متوقع ہیں۔ صدر بائیڈن پیٹرول کی قیمتوں پر قابو پانے کی غرض سے کئی اقدامات کر چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے سٹریٹیجک ذخائر میں سے تیل جاری کیا، موسم گرما میں پیٹرول کی پیداوار کے لیے لاگو قواعد پر استثنی دیا اور تیل برآمد کر نے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پر بھی انحصار کیا کہ وہ تیل کی پیداوار میں اضافہ کریں گے۔ ان تمام اقدامات کے باوجود دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ طلب میں اضافہ، روس پر پابندیاں اور خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں کمی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق امریکہ میں اگر پیٹرول کی قیمت پانچ ڈالر فی گیلن سے زیادہ پر برقرار رہی تو عام صارفین کی طلب میں کمی بھی واقع ہو سکتی ہے۔ ایک سال پہلے تک امریکہ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 3.07 ڈالر تھی جس میں اب تک 62 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here