لندن(پاکستان نیوز) برطانیہ میں رکن اسمبلی ناز شاہ نے سابق بادشاہوں اور ملکائوں کے مجسموں کی تذلیل کے خلاف قانون سازی کے دوران پارلیمنٹ میں گستاخی رسولۖ پر بھی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں سابق بورڈنگ اسکولوں سے قدیم مقامی نسلوں کے بچوں کی ہزاروں قبریں برآمد ہونے پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے برطانیہ کے بادشاہوں اور ملکائوں کے مجسموں کو گرا دیا گیا اور ان پر کالک مل دی تھی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس عمل کو مجسموں کی بے حرمتی قرار دیا تھا جس کے بعد پارلیمنٹ میں بادشاہوں اور ملکائوں کی مورتیوں کی تذلیل اور توڑ پھوڑ پر 10 سال قید کی سزا کا قانون پیش کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مسلم خاتون رکن اسمبلی ناز شاہ نے ایک نہایت جذباتی اور پْرجوش تقریر میں آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صرف بادشاہوں یا ملکائوں کی نہیں بلکہ ہمارے نبی کی گستاخی پر بھی سزا کا قانون بنایا جائے۔ ناز شاہ نے برطانوی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ کو اپنے بادشاہوں کی مورتیوں سے پیار ہے اس سے کہیں زیادہ ہمارے لیے ہمارے پیغمبر محترم ہیں۔ اس لیے ہمارے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپ میں بار بار شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کو بند کروایا جائے۔