’شیر پاکستان“ ٹائٹل یافتہ پاکستانی حاجی محمد افضل پہلوان کا نیویارک میں انتقال

0
303

 

پاکستان میں 1960میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان کا کشتی کا سب سے بڑا ٹائٹل جیتنے والے حاجی محمد افضل پہلوان کا انتقال نیویارک میں کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ہوا

نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان میں 1960میں فن کشتی کا سب سے بڑا ٹائٹل جیتنے والے عالمی شہرت یافتہ پہلوان حاجی محمد افضل پہلوان 21اپریل کو نیویارک میں انتقال کر گئے۔ان کی عمر83سال تھی اور پسماندگان میں چارصاحبزادے اور بیوہ شامل ہیں۔ حاجی محمد افضل پہلوان کے تین بیٹے مدثر بٹ، مزمل بٹ اور مون بٹ نیویارک میں رہتے ہیں اورایک بیٹامبشر افضل بٹ لاہور میں مقیم ہے۔ وہ سال میں آدھا سال نیویارک اورآدھا سال لاہور میں رہتے تھے۔ گذشتہ کچھ ماہ سے نیویارک میں مقیم تھے۔ ان کے صاحبزادے مزمل بٹ نے بتایا کہ وہ دل اور شوگر کے امراض میں مبتلا تھے لیکن ان صحت کا خیال رکھتے تھے۔ چند روز قبل ان کی طبیعت خراب ہوئی اور بخار ہونا شروع ہوا اور دوسرے روز بھی برقراررہا۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں لانگ آئی لینڈ(نیویارک) کے ہنٹنگ ٹن ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں طبی امداد کے باوجود ان کی صحت بہتر نہ ہو سکی اور وہ منگل کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے مدثر بٹ، مزمل بٹ اور مون بٹ اورمبشر افضل بٹ سے ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں۔حاجی محمد افضل پہلوان نے نے پاکستان کےلئے کشتی کے کئی مقابلے جیتے تھے. جن میں سب سے یادگار مقابلہ 1960 میں رستم پاکستان کا مقابلہ تھا جوکہ قذافی سٹیڈیم میں ہوا۔ اس کھیل کے مہمان خصوصی صدر ایوب خان اور گورنر نواب آف کالا باغ تھے۔حاجی محمد افضل پہلوان نے لاہور میں پہلے رام گلی اور پھر مزنگ اڈہ میں اپنا اکھاڑہ بنا رکھا تھا۔ عمران خان نے بھی ان کے اکھاڑے کا دورہ کیا ہو اتھا اور انہوں نے وہاں پر ٹریننگ بھی کی۔ حاجی محمد افضل پہلوان مرحوم کا نام پاکستان میں فن کشتی کے حوالے سے ایک عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here