معروف جنوبی ایشیائی اور سکھ برداری کے رہنما ٹھاکر بساطی ٹرسٹی کے امیدوار ہیں،کمیونٹی کا اظہار مسرت اور بھرپور حمایت کااعلان
شکاگو(پاکستان نیوز)ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے صدارتی انتخابات کا مرحلہ اختتام پذیر ہوا۔ریاست الی نائے میں ٹائون شپ، سوک باڈیز، اسکول بورڈز کے انتخابات اپریل میں ہونگے۔ان انتخابات میں بھی ڈیموکریٹ اور ریپبلکن امیدوار مقابل ہوں گے۔کک کائونٹی کی پیلاٹائن ٹائون شپ کے لئے ڈیموکریٹس نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔جنوبی ایشیائی کمیونٹی اور سکھ برداری کے ممتاز اور فعال رکن و رہنما ٹھاکر ایس بساطی کو ٹرسٹی کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پیلاٹائن ٹائون شپ میں ٹھاکر بساطی کی بطور ٹرسٹی کامیابی کسی بھی جنوبی ایشیائی، سکھ کمیونٹی رکن کی پہلی فتح ہوگی۔پیلاٹائن ٹائون شپ میں ڈیموگرافک تبدیلیوں کے باعث جہاں ایشیائی آبادی کی بہت بڑی تعداد ووٹرز کی صورت میں موجود ہے۔وہیں مڈویسٹ کا سب سے بڑا وقدیم گردوارہ اور اب سوامی نارائن مندر بھی ہے۔لیکن جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی مقامی اداروں میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ٹھاکر بساطی کی نامزدگی کو کمیونٹی میں مثبت قرار دیا جارہا ہے۔اور اپنے نمائندے کے طور پر بساطی کی کامیابی کے لئے ساری کمیونٹی اپنی تمام توانائیاں اور وسائل بروئے کار لانے کے لئے پُرعزم ہے۔مزید معلومات کے لئے نیز انتخابی مہم میں تعاون کے لئے فون نمبر 847-736-6092یاBasati13@gmail.comپر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔