کینیڈا جانیوالے بھارتی طلبا کی تعداد میں 85 فیصد کمی

0
127

اوٹاوا(پاکستان نیوز) سفارتی تنازع کی وجہ سے کینیڈا جانے والے بھارتی طلبا کی تعداد میں 85 فیصد کمی آگئی۔ کینیڈا کے امیگریشن کے وزیر مارک ملر نے رائٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ سفارتی تنازع کی وجہ سے پچھلے سال بھارتی طلبہ کو اسٹڈی پرمٹس کے اجرا میں 85 فیصد تک کمی ہوئی۔ مارک ملر نے کہا کہ ناکافی رہائشی سہولیات کی وجہ سے کینیڈین حکومت بھی ملک میں بین الاقوامی طلبا کی مجموعی تعداد کو کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ ابھی ہمارے پاس طلبا کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ملر نے مزید کہا کہ حکومت اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران بین الاقوامی طلبا کی تعداد کو کم کرنے کیلئے اقدامات متعارف کرائے گی۔ طلبا کے لیے کیمپس سے باہر کام کے اوقات میں کمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ واضح رہے کہ کینیڈا بین الاقوامی طلبا کے لیے ایک مقبول منزل ہے کیونکہ یہاں کورسز مکمل کرنے کے بعد ورک پرمٹ حاصل کرنا نسبتا آسان ہے۔ بین الاقوامی طلبا کینیڈا کی معیشت کو سالانہ تقریبا 16 ارب ڈالر سے زیادہ کا فائدہ پہنچاتے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کے کینیڈا کی سرزمین پر خالصتان تحریک کے سکھ رہنماوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے پر دونوں ملکوں کے تعلقات تناو کا شکار ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here