لاہور(پاکستان نیوز) سینئر صحافی ندیم ملک نے خبردار کیا ہے کہ پی ڈی ایم دوبارہ آئی تو ڈالر 500 روپے پر جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و اینکر ندیم ملک نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عام انتخابات 2024 کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم 2 بنی تو جو کچھ بچ گیا ہے وہ بھی تباہ ہو جائیگا۔ تحریک عدم کے وقت پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کو نکالا، اسٹیبلیشمنٹ کی حمایت سے سب اکٹھے ہوئے اور بیڑہ غرق ہو گیا۔ پی ڈی ایم کو عمران خان کو نکالنے کے بعد ڈالر 179 پر ملا اور 305 پر چھوڑ کر گئے، اب اگر ڈالر 500 روپے پر لے کر جانا ہے تو پی ڈی ایم کا تجربہ دوبارہ کر لیں۔ تحریک انصاف کو عوام کا مینڈیٹ ملا ہے، جس کا احترام کیا جائے۔ سپریم کورٹ میں پٹیشن پڑی ہے اسے سنا جائے تحریک انصاف کو انتخابی نشان واپس کیا جائے تاکہ پارٹی کا اسٹیٹس بحال ہو اور ان کے جیتنے والے آزاد امیدوار پارٹی کا حصہ بن سکیں۔