واشنگٹن (پاکستان نیوز)معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ نے ارب پتی جیف بیزوس کیخلاف کارٹون سینسر کیے جانے پر ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 64 سالہ این ٹیلناس (Ann Telnaes) نے اپنے کارٹون میں جیف بیزوس اور دیگر امریکی ارب پتیوں کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجسمے کے سامنے ڈالرز کے تھیلے پیش کرتے ہوئے دکھایا تھا۔کارٹونسٹ نے جن دیگرارب پتیوں کے خاکے بنائے تھے ان میں فیس بک کے مالک مارک زکربرگ اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین بھی شامل ہیں جبکہ والٹ ڈزنی کی علامت مکی ماؤس بھی ٹرمپ کے مجسمے کے ساتھ موجود ہے۔این ٹیلناس نے کہا ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اخبار نے ان کا کارٹون اس وجہ سے سینسر کیا ہو کہ وہ کسی کیخلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خطرناک اور آزادی صحافت کیخلاف عمل ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے ایڈیٹر ڈیوڈ شپلے نے کہا ہے کہ وہ مستعفی کارٹونسٹ کی اس تشریح سے متفق نہیں ہیں کہ یہ ادارتی فیصلہ کسی مذموم عمل کا نتیجہ ہے۔