واشنگٹن (پاکستان نیوز)واشنگٹن میں پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کے سمپوزیم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس اہم تقریب کی میزبانی کانگریس کی پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین ٹام سوزی اور جیک برگ مین کر رہے ہیں۔ یہ سمپوزیم 24 مارچ 2026 کو کیپیٹل ہل کے آڈیٹوریم میں دوپہر 1 بجے سے شام 4 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تاریخی بنیادوں، موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔ اس ایونٹ میں امریکی پالیسی سازوں، سکالرز اور کاروباری شخصیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ پروگرام کے مطابق امریکی کانگریس کے اراکین، محکمہ خارجہ کے اعلیٰ نمائندے اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر خصوصی کلیدی خطاب کریں گے۔ ان تقاریر میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ سمپوزیم کے دوران مختلف پینل مباحثے بھی ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں پاک امریکہ تعلقات کے ارتقاء ، موجودہ حفاظتی صورتحال اور ترقیاتی تعاون جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ماہرین اس بات پر بھی روشنی ڈالیں گے کہ کس طرح دونوں ممالک اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس سمپوزیم کا ایک اہم پہلو مستقبل کے لیے معاشی شراکت داری کا فروغ ہے۔ شرکائ اس بات پر غور کریں گے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان اور امریکہ کس طرح پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ تقریب کے ایجنڈے میں مختلف سیشنز شامل ہیں جو شرکائ کو باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل گفتگو کا موقع فراہم کریں گے۔ اس ایونٹ کو پاک امریکہ تعلقات کے تناظر میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ نہ صرف ماضی کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ آنے والی دہائیوں کے لیے ایک واضح روڈ میپ کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔











