لاہور (پاکستان نیوز)پنجاب حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس قانون کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ملکیت کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اور شفاف نظام فراہم کیا گیا ہے۔قانونی نکات کے مطابق خصوصی عدالت کے جج کو ڈسٹرکٹ جج کے برابر اختیارات حاصل ہوں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تین سال کے لیے جج کو نامزد کریں گے ،عدالت نوے دن کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہوگی۔سات روز سے زیادہ کی تاریخ نہیں دی جائے گی۔شہادت کے لیے دو مواقع سے زیادہ فراہم نہیں کیے جائیں گے ، ہائیکورٹ ای فائلنگ کے لیے خصوصی رولز بنائے گی۔تمام عدالتی کارروائی ویب پورٹل پر اپلوڈ کی جائے گی، حقِ دفاع عدالت کی اجازت سے مشروط ہوگا، جس کا دورانیہ پندرہ دن ہوگا، عدالت یا فریقین کسی بھی ادارے سے ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، خصوصی عدالت کے فیصلے کو پندرہ دن کے اندر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔