لاہور(پاکستان نیوز) گزشتہ سال کے آخر میں عالمی سطح پر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد ریکارڈ7کروڑ سے زیادہ تک پہنچ گئی۔ ملکوں میں اندرونی طور پر بے گھر ہونے والوں کی نگرانی کے مرکز کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2021 کے بعد سے یہ اعداد و شمار 20فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے سال نئے افراد کی نقل مکانی کے بڑے اسباب میں ایک تو یوکرین کی جنگ تھی جس میں رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ70لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور دوسرا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب تھے جن کی وجہ سے 80لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔2022 کے آخر تک دنیا بھر میں، تنازعات اور تشدد کے باعث 6کروڑ20لاکھ سے زیادہ افراد کو اندرونی طور پر نقل مکانی کرنا پڑی۔ دنیا بھر میں تقریباً تین چوتھائی بے گھرافراد 10ممالک میں تھے جن میں شام، افغانستان، جموریہ کانگو، یوکرین ، کولمبیا، ایتھوپیا، یمن، نائیجیریا، صومالیہ اور سوڈان شامل ہیں۔ ناروے کی مہاجرین کونسل کے سیکرٹری جنرل جان الیگیلینڈ کا کہنا تھا کہ پچھلے سال تنازعات اور آفات نے لوگوں کی پہلے سے موجود کمزوریوں اور عدم مساوات کو اجاگر کیا، جس سے نقل مکانی میں اس قدر اضافہ ہوا جو پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔