پاکستان کو سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل نہ کرنیکا امکان

0
25

واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکا کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل نہ کرنے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق امریکہ ایک مرتبہ پھر متعدد ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے والا ہے جس میں پاکستان اور بھارت بھی شامل ہوسکتے ہیں ، معلوم ہوا ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی متوقع سفری پابندیوں کی فہرست میں پاکستان کے شامل ہونے کا امکان نہیں ہے۔اس حوالے سے حتمی اعلان 13 مارچ کو متوقع ہے، 12 ممالک کے سفری پابندی کے تحت رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، پاکستانی سفارتی عملہ اور امریکہ میں سرکردہ شخصیات پر امید ہیں کہ پاکستان کو امریکہ میں داخلے پر پابندی کی نئی فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہندوستانی امریکن لابی پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے میں بہت سرگرم رہی ہے۔ مزید یہ کہ پاکستانی نڑاد امریکی ڈاکٹروں کا ایک گروپ بھی مبینہ طور پر سازش کر رہا تھا۔حال ہی میں پاکستان میں امریکہ کو مطلوب ایک خطرناک دہشت گرد کی گرفتاری اور حوالگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ اور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کافی قربتیں پیدا ہو گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان حالیہ رابطے میں سفری پابندیوں کی فہرست سب سے زیادہ زیر بحث رہی۔سفارتی ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر امریکی سفری پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کے مطابق مستقبل میں پاکستان سے بچے کی پیدائش کے لیے امریکا پہنچنے والی خواتین کی امریکی ایئرپورٹس پر سخت اسکریننگ کی جائے گی اور ایسے کیسز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔اس کے علاوہ پاکستان سے امریکا جانے والی ایئرلائنز کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here