ترسیلات کے حجم میں28 فیصد اضافہ

0
11

لاہور(پاکستان نیوز) ترسیلات زر کے حجم میں 28 فیصد اضافہ ہو گیا، بیرون ممالک پاکستان نے مسلسل دوسرے ماہ ڈھائی ارب ڈالرز سے زائد رقوم وطن بھیجیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں نے اپریل میں 2.8 ارب ڈالرز وطن بھیجے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق گزشتہ برس اپریل سے اس اپریل میں ورکرز ترسیلات 28 فیصد زائد ہیں۔ پاکستان کے مرکزی بینک نے بتایا کہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں پاکستانی ورکرز نے 23.8 ارب ڈالرز پاکستان بھیجے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ گئے مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے مقابلے رواں سال ترسیلات 3 فیصد زائد ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارہ(آئی ایم ایف)سے قرض کی نئی قسط موصول ہونے کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 11 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مجموعی ذخائر بڑھ کر 14 ارب 45 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ اسٹیٹ بینک سے جاری اعداد وشمار کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے اور آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی وصولی کے بعد گزشتہ ہفتہ سرکاری ذخائر میں ایک ارب 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔اعدادو شمار میں بتایا گیا کہ سرکاری ذخائر کی مالیت 9 ارب 12 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ہے اور زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14 ارب 45 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مجموعی ذخائر میں سے کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 33 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here