امریکہ سمیت دنیا بھر میں عید الفطر بروز ہفتہ منانے کا امکان،چاند کی روئیت کی پیشگوئی

0
7

نیویارک (پاکستان نیوز)بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے عیدالفطر کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے نئی پیش گوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق امریکہ اور کینیڈا سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں عید الگ الگ ایام میں منائے جانے کا امکان ہے۔ مرکز فلکیات کا کہنا ہے کہ جن ممالک میں رمضان کا آغاز 18 فروری کو ہوا تھا وہاں 18 مارچ کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ اس دن چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا، لہذا ان علاقوں میں عید الفطر 20 مارچ بروز جمعہ ہونے کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک سمیت جہاں پہلا روزہ 19 فروری کو تھا، وہاں 19 مارچ کو چاند کی تلاش کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق 19 مارچ کو بھی عالم اسلام کے مشرقی اور وسطی حصوں میں مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند کی رویت انتہائی مشکل ہو گی، جس کے باعث ان مقامات پر عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ ہونے کی توقع ہے۔ اسی تناظر میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکہ اور کینیڈا میں بھی عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہو سکتی ہے۔پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اس اہم بیٹھک میں محکمہ موسمیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء شریک ہوں گے۔ ملک بھر میں قائم زونل کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں سے شہادتیں جمع کر کے مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں گی جس کے بعد ملک میں عید کے چاند کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here