روسی ترجمان نے بھارتی چینل پر پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا

0
12

نیویارک (پاکستان نیوز)بھارتی میڈیا کے پلیٹ فارم پر روس کی جانب سے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کا اعتراف ایک اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ روسی ایوان صدر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بھارتی ٹیلی ویڑن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور واضح کیا کہ ماسکو ان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر پاکستان کا بے حد مشکور ہے۔ روسی ترجمان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و امان کے قیام اور پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان نے جو تعمیری ماحول تشکیل دیا ہے، وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی یہ سفارتی کوششیں مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوئی ہیں، جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ عالمی مبصرین اس بیان کو اس لیے بھی اہمیت دے رہے ہیں کہ یہ اعتراف ایک ایسے ملک کے میڈیا پر بیٹھ کر کیا گیا جس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات روایتی طور پر کشیدہ رہتے ہیں۔ اس گفتگو کے دوران دمتری پیسکوف نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا۔ کریملن کے ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ عارضی جنگ بندی مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست اور مستقل رابطوں کی بنیاد بنے گی، جس سے عالمی سطح پر جاری تناؤ میں کمی آئے گی۔ روس کی جانب سے پاکستان کے کردار کی اس اعلانیہ تعریف کو عالمی سیاست میں اسلام آباد کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ماسکو کے ساتھ مضبوط ہوتے تعلقات کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here