نیویارک (پاکستان نیوز)لوزیانہ کے شہر شریو پورٹ میں اتوار کی صبح ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھریلو تنازع کے نتیجے میں فائرنگ کر کے آٹھ معصوم بچوں سمیت دس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا جب ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے گھر میں موجود افراد کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 1 سے 14 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں جن میں ایک سال کا ننھا بچہ بھی شامل ہے۔ مقامی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے بعض بچوں کا تعلق براہ راست مشتبہ بندوق بردار سے تھا۔ واقعے کے فوراً بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے جدید ٹیکنالوجی اور سراغ رسانی کی مدد سے اس کا تعاقب شروع کیا۔ تعاقب کے دوران بو سیئر سٹی کے مقام پر پولیس اور ملزم کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گولی لگنے سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے ماہرین اس وقت جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ واقعات کی درست ترتیب اور اس سفاکانہ اقدام کے پیچھے چھپے اصل محرکات کا تعین کیا جا سکے۔ اگرچہ ابتدائی طور پر اسے گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔ اس لرزہ خیز واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور مقامی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کے لواحقین کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔











