نسیم شاہ نے افغانستان سے فتح چھین لی

0
108

شارجہ (پاکستان نیوز) ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں نسیم شاہ نے آخری اوور میں مسلسل دو چھکے لگا کر پاکستان کو افغانستان سے ایک وکٹ کی فتح دلا دی۔ شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں بابراعظم نے ٹاس جیتا اور افغانستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان اوپنرز نے پاکستانی باؤلرز کیخلاف پراعتماد آغاز کیا ، محمد حسنین کے اوور میں رحمٰن اللہ گرباز نے مسلسل دو چھکے لگا کر سکور 20 رنز تک پہنچایا۔حارث نے گزشتہ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والے رحمٰن اللہ گرباز کی وکٹیں اڑا دیں۔ رحمٰن اللہ گرباز نے 2 چھکوں کی مدد سے 11 گیندوں پر 17 رنز بنائے تھے۔ محمد حسنین مشکلات کا شکار نظر آئے تاہم 5ویں گیند پر حضرت اللہ زازئی کو کلین بولڈ کرتے ہوئے حساب برابر کردیا۔12 ویں اوور کی دوسری گیند پر کریم جنت کو محمد نواز نے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔کریم جنت نے 19 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بنائے تھے۔ نجیب اللہ زدران نے شاداب خان کو 14 ویں اوور میں چھکا لگا کر خطرناک عزائم دکھائے لیکن لیگ سپنر نے ان کو فخر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کپتان محمد نبی کی نسیم شاہ نے وکٹیں اڑا دیں۔ محمد نبی صفر پر آؤٹ ہوئے تو افغانستان کا اسکور 91 رنز تھا۔ ابراہیم زدران کی اننگز حارث رؤف نے 35 رنز تک محدود کردی، جس کیلئے انہوں نے 37 گیندوں کاسامنا کیا۔زدران کی 37 گیندوں پر مشتمل 35 رنز کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ راشد خان نے آخری اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگایا اور اگلی گیند پر چوکا مارا۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے۔ راشد خان 18 اور عظمت اللہ عمر زئی نے آؤٹ ہوئے بغیر 10 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر باؤلرز کو ایک،ایک وکٹ ملی۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کپتان بابراعظم پہلے اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہوگئے، فضل حق نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ فخرزمان 9 گیندوں پر 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ پر 27 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 9 ویں اوور میں 45 رنز تک پہنچایا۔ راشد خان نے ٹورنامنٹ کے بہترین بلیباز محمد رضوان کو ایل بی ڈبلیو کردیا جنہوں نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنالیے تھے۔چوتھی وکٹ پر 42 رنز کی شراکت ہوئی لیکن فرید احمد کی گیند پر افتخار احمد ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ابراہیم زدران کا کیچ بنے، ان کی اننگز 33 گیندوں میں 30 رنز پر مشتمل تھی۔ شاداب خان نے ٹیم کو 97 کے اسکور تک پہنچایا لیکن وہ ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے36 رنز بنا کر راشد خان کی وکٹ بنے۔محمد نواز افغانستان کے خلاف اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 4 رنز بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔خوشدل شاہ نے صرف ایک رن بنایا اور انہیں فرید احمد بولڈ کردیا۔ حارث رؤف بھی ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے اور فرید احمد صفر پر بولڈ کردیا۔ آصف علی نے 8 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے 9 ویں بلے باز تھے۔ نوجوان نسیم شاہ نے کریز سنبھالی اور آخری اوور کی ابتدائی دونوں گیندوں پر 2 چھکے رسید کرتے ہوئے ایک وکٹ سے فتح دلائی اور افغانستان کی امیدیں دم توڑ گئیں۔پاکستان نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا لیے۔ نسیم شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 4 گیندوں پر 14 رنز بنائے، محمد حسنین دوسرے اینڈ کر کسی گیند کا سامنا کیے بغیر کھڑے رہے۔پاکستان میچ جیت کر فائنل تک رسائی ممکن بنائے گی۔ کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کوشش ہوگی افغانستان کی ٹیم کو کم سے کم سکور پر آوٹ کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here