ٹرمپ کا اگلے بر س چین جانے کا اعلان

0
42

سئیول(پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد چین پر عائد ٹیرف میں 10 فیصد کمی کرنے اور اگلے برس چین کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات اور دورہ ایشیا مکمل کرنے کے بعد جنوبی کوریا سے روانگی کے بعد صدارتی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے دنیا کو نایاب معدنیات کی برآمد جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ چین پر ٹیرف 57 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد کر دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ٹرمپ نے ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان متعدد اہم امور پر اتفاق ہو چکا ہے۔ دونوں ممالک نے سویابین کی خریداری دوبارہ شروع کرنے اور نایاب معدنیات کی تجارت میں رکاوٹیں ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔چین نے دنیا کیلئے نایاب معدنیات (ریئر ارتھ منرلز) کی برآمدات جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔یہ معاہدہ ایک سال کے لیے ہوگا۔اس میں توسیع کا امکان ہے۔یہ معدنیات دنیا کے لئے ہے، یہ صرف امریکا کا نہیں بلکہ ایک عالمی معاملہ تھا۔امریکی صدر نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کریں گے، جس کے بعد صدر شی جن پنگ امریکا کا دورہ کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین مل کر یوکرین کے معاملے پر تعاون کریں گے، تاہم تائیوان پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ٹرمپ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ دیگر ممالک کی طرح امریکا کے لیے بھی نیوکلئیر ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنا مناسب ہوگا، تاہم ٹیسٹنگ سائٹس کے بارے میں حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں 6 سال بعد اہم ملاقات ہوئی ہے۔ امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے مکالمہ کیا کہ آپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکہ اور چین دونوں ممالک کو بدلہ لینے کے خطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔ چین اور امریکاکو ایک دوسرے کا دوست ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے مسائل پر کھلے دل سے گفتگو ضروری ہے۔ چین کبھی بھی کسی ملک کو چیلنج کرنے یا اس کی جگہ لینے کی کوشش نہیں کرتا بلکہ اپنے کام کو بہتر کرنے پر توجہ دیتا ہے۔چینی صدر نے کہا کہ چین اور امریکا کی مذاکراتی ٹیموں نے دو طرفہ تجارت اور معیشت سے متعلق اہم مسائل کے حل پر بنیادی اتفاقِ رائے حاصل کر لیا ہے۔ دونوں ممالک کی ترقی کیلئے سازگار ماحول قائم کیا جائے۔چینی صدر نے حالیہ غزہ جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ چین بھی دیگر تنازعات کے حل کیلئے امن مذاکرات کو فروغ دے رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعوی کیا ہے کہ جنوبی کوریا نے امریکی محصولات میں کمی کے بدلے امریکا کو 350 ارب ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر کہا کہ تیسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں، یہ افسوس کی بات ہے۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے ملاقات سے چند منٹ قبل پینٹاگون کو جوہری ہتھیاروں کے تجربات فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ۔انہوں نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here