واشنگٹن (پاکستان نیوز) امریکہ میں کالج اور یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونیوالے طلبہ کو اس سال شدید معاشی دبا ئواور کمزور جاب مارکیٹ کا سامنا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکہ میں حکومتی فنڈنگ میں کٹوتیوں، عالمی تنازعات، ٹیرف پالیسیوں اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال نے نئی ملازمتوں کے مواقع محدود کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا کی جانب سے شائع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں امریکہ میں 6.9 ملین نوکریاں موجود تھیں تاہم نئی بھرتیوں میں معمولی اضافہ ہوا جبکہ ملازمین اپنی موجودہ نوکریاں چھوڑنے سے گریز کر رہے ہیں، اس صورتِ حال میں نئے گریجویٹس کے لیے روزگار حاصل کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔










