نیویارک (پاکستان نیوز)ایک لاکھ سے زائد یوکرینی اور سوڈانی شہریوں کی ملک بدری عارضی طور پر مؤخرامریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے یوکرین اور سوڈان سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کی ملک بدری عارضی طور پر مؤخر کرتے ہوئے ان کے قیام کی اجازت کو برقرار رکھا ہے۔ ان افراد کے لیے عارضی محفوظ حیثیت یعنی ٹی پی ایس کی مدت 19 اکتوبر کو ختم ہونا تھی تاہم محکمہ نے واضح کیا ہے کہ حتمی اعلان ہونے تک ان کا تحفظ برقرار رہے گا۔ اس اہم فیصلے سے تقریبا 11000 یوکرینی اور 1800 سوڈانی شہری براہ راست مستفیض ہوں گے۔ حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ اس تحفظ میں توسیع کتنی مدت کے لیے کی جائے گی یا ان کے قانونی اسٹیٹس سے متعلق حتمی فیصلہ کب تک سامنے آئے گا۔ یوکرین کے لیے یہ تحفظ 2022 میں روس کے حملے کے بعد متعارف کرایا گیا تھا جبکہ سوڈانی شہریوں کو 1997 سے اس پروگرام کے تحت تحفظ ملتا رہا ہے۔ دونوں ممالک میں جاری مسلح تنازعات اور غیر محفوظ حالات کے باعث ان شہریوں کی وطن واپسی پر شدید خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ امریکا میں ٹی پی ایس کے تحت اہل افراد کو مخصوص مدت کے لیے ملک میں رہنے اور کام کرنے کی قانونی اجازت دی جاتی ہے تاہم یہ کسی بھی صورت میں مستقل رہائش یا شہریت حاصل کرنے کا راستہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تقریبا 2 لاکھ سلواڈورین شہریوں کے لیے بھی ایسا ہی تحفظ برقرار رکھا گیا تھا۔










