نیویارک (پاکستان نیوز)میئر زہران ممدانی نے7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کی تیسری برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں 7 اکتوبر کے تشدد اور اس کے بعد غزہ میں جاری انسانی بحران پر اہم موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے حماس کے اس حملے کو ہلاک خیز اور جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس دن حماس نے 1,100 سے زائد اسرائیلی شہریوں کو ہلاک اور 251 افراد کو یرغمال بنایا۔ انہوں نے اس المیے پر متاثرہ خاندانوں اور اپنے شہر کے شہریوں کے ساتھ گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ تاہم نیویارک کے میئر نے زور دے کر کہا کہ اس علاقے میں انسانی مصائب کا آغاز یا خاتمہ صرف اس ایک دن کے واقعے پر نہیں ہوا۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت کے غزہ میں جاری فوجی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں نسل کشی سے تعبیر کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کی مسلسل کارروائیوں میں 74,000 سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں 21,000 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ میئر زہران ممدانی کا یہ بیان عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور انسانی حقوق سے متعلق بحث میں ایک نمایاں پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے حماس کے حملے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر بھی سخت نقطہ نظر پیش کیا ہے۔












