کراچی:
اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی طلاق کے معاملے پر خاموشی توڑدی ہے۔
حال ہی میں پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ وگلوکارہ بشریٰ انصاری احسن خان کے شو میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے پہلی بار اپنی طلاق کے بارے میں بات کی۔ شو کے دوران احسن خان نے بشریٰ انصاری سے سوال کیاکہ کیا آپ اپنی طلاق کے بارے میں عوامی سطح پر بات نہیں کرنا چاہتیں یا آپ نے کسی کو بتایا نہیں اس بارے میں؟
احسن خان کے سوال کرنے پر بشریٰ انصاری نے تفصیلاً جواب دیتے ہوئے کہا دراصل اس بات کو بہت سال ہوگئے۔ بشریٰ انصاری نے تمام سینئر اداکاروں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں اور جب کسی کے ساتھ کوئی بات ہوجاتی ہے تو یہ تمام لوگ پریشان ہوجاتے ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اقبال حسین کی بشریٰ انصاری سے شادی کی خبروں کی تردید
بشریٰ انصاری نے اداکار جمال شاہ اور ان کی اہلیہ فریال کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھی جوڑی تھی اسی طرح طاہرہ سید اور نعیم بخاری کی جوڑی بھی بہت اچھی تھی لہذٰا جب وہ جوڑی الگ ہوئی تو لوگوں کے دل ٹوٹ گئے ، حالانکہ کسی نے بھی کسی کو برا نہیں کہا کہ الگ ہونے میں مرد کا قصور ہے یا خاتون زیادہ قصوروار ہے کیونکہ کسی کو پتہ بھی نہیں ہوتا کہ کسی کی نجی زندگی میں کیا مسائل چل رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا مسائل صرف اداکاروں کی شادی شدہ زندگی میں نہیں ہوتے بلکہ کسی بینک میں کام کرنے والے یا کسی ڈاکٹر کی زندگی میں بھی مسائل ہوتے ہیں لہذٰا مجھے ایسا لگا کہ اپنی نجی زندگی کی اس بات کو عوام کے ساتھ شیئر کرنا یا لوگوں کو بتانا ضروری نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نےپروڈیوسر اقبال انصاری سے شادی کی تھی جن سے ان کی دو بیٹیاں ناریمن اور میرا انصاری ہیں تاہم دونوں ہی شوبز سے وابستہ نہیں ہیں۔ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر بشریٰ انصاری کی ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ دوسری شادی کی خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں لیکن اقبال حسین نے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔