اسلام آباد:
وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈان کیا جائے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں عوام کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے پر غور کیا گیا، اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تقریباً بیس فیصد آٹا خیبر پختونخوا کو بھجوایا جا رہاہے۔
انہوں نے چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ گندم کی اسمگلنگ کی مکمل روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ صوبائی چیف سیکرٹریزنے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔