کراچی: کورونا وائرس کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے بعد اب چھیپا ویلفیئر فاؤنڈیشن نے بھی سرد خانے بند کردیے اور اب وہاں کسی قسم کی خدمات فراہم نہیں کی جاسکیں گی۔
فاؤنڈیشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے بتایا کہ کئی افراد کورونا سے مرنے والوں کی میتیں رکھوارہے تھے جبکہ یہ ایسا مرض ہے جوکہ پھیل رہا ہے، ایسی میتیں ہم اپنے سرد خانوں میں نہیں رکھ سکتے ورنہ یہ ہمارے اسٹاف، غسل دینے والے، میت کی ہینڈلنگ کرنے والے اور وہاں آنے والے دیگر شہریوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے، اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہم نے اتوار کی دوپہر سے اپنے سرد خانے بند کردیے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن نے ضرورت مندوں کے لیے مخیر حضرات سے مدد مانگ لی
دریں اثنا ایدھی فاؤنڈیشن نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں کی مدد کرنے کی اپیل کردی۔ فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل عبدالستار ایدھی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہونے والے 15 روزہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے، غریب اور معذور افراد شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے خاندانوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ایدھی فائونڈیشن ان افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اپنی زکوۃ، عطیات، صدات، خیرات کسی بھی ایدھی ویلفیئر سینٹر میں جمع کرواسکتے ہیں، ایک خاندان کے لیے پندرہ روزہ راشن بیگ کی قیمت دو ہزار روپے بنتی ہے۔