اسلام آباد(پاکستان نیوز) عمران خان کے بغیر بھی شفاف الیکشن ہوسکتے ہیں، نگراں وزیراعظم، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے بغیر بھی شفاف الیکشن ہوسکتے ہیں۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ شفاف الیکشن چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یا جیل کاٹنے والے سیکڑوں پارٹی ارکان کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ، جلاو گھیراو کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے اس پر توجہ نہیں دیتا، فوج اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار، کھلا اور شفاف ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہمیں سول ملٹری تعلقات کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے، جس سے انکار نہیں، سول ملٹری تعلقات کے چیلنجز کی مختلف وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں کے دوران سول اداروں کی کارکردگی خراب ہوئی ہے، پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کیلیے انتخابات میں فوج کی دھاندلی کی بات بیہودہ ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں چیف الیکشن کمشنر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیوں ہوں گے؟ عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کرائے گا، فوج نہیں