کراچی:
چیئرمین سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی نے کہا ہے کہ حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے ورنہ ہزاروں افراد فاقہ کشی کا روزانہ شکار ہوجائیں گے۔
لاک ڈاؤن کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی 52 فیصد آبادی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہے جو کہ دیہاڑی دار مزدور ہیں اور وہ بھوک و افلاس کا شکار ہونے کے ساتھ شدید ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں، حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے ورنہ ہزاروں افراد فاقہ کشی کا شکار ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ کی آبادی میں سے روزانہ پونے دو لاکھ افراد سیلانی سے کسی نہ کسی طرح مستفید ہوتے ہیں لیکن پھر بھی ہماری رسائی ہر ضرو ت مند تک نہیں ہوسکتی، ہماری ریاست کے ذمہ داروں نے گوروں کو دیکھ کر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جبکہ ہم ان ترقی یافتہ ممالک کی طرح اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔