پائٹرمرٹزبرگ / جنوبی افریقہ:
پاکستانی لٹل اسٹارز جگمگااٹھے، گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ون ڈے میں 88 رنز سے شکست دیکر انڈر19 سیریزمیں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،عامر علی اور نسیم شاہ نے4،4 وکٹیں آپس میں بانٹ لیں، حیدرعلی اور فہد منیر نے نصف سنچریاں بنائیں، کپتان روحیل نذیر نے 89 اور حارث خان نے 62 رنز بٹورے۔
تفصیلات کے مطابقانڈر19کرکٹ سیریز کے چوتھے معرکے میں ٹاس جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورزمیں8 وکٹ کھوکر341 کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، اوپنر حیدرعلی نے درجن بھر چوکوں کی مدد سے59 رنزبنائے، فہد منیر56کے بعد کپتان روحیل نذیر نے عمدہ بیٹنگ کی، انھوں نے 91 گیندوں پر89 رنزبنانے کیلیے 11 باؤنڈریز لگائیں، حارث خان نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر62 رنزبٹورے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک سکسر شامل رہے، عباس آفریدی نے 30 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، عمران فیلینڈر نے3 اور ایچیل کولیٹے نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
میزبان الیون 43.3 اوورز میں 253رنزپر ہمت ہارگئی، اوپنر آر ٹیربلینچ 53، جوناتھن برڈ نے سب سے زیادہ 75 رنز بنائے،کپتان برائس پیرسون 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے، فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 9.3 اوورز میں 52 رنز دیکر4 مہرے کھسکائے،عامر علی نے 44 رنزکے عوض 4 شکار کیے، عمدہ بولنگ پرفارمنس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی چناگیا، عباس آفریدی اور فہد منیر نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی،7 میچز پرمشتمل سیریز کا پانچواں مقابلہ منگل کو شیڈول ہے۔