تقریب میں کیمونٹی کے مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کی شرکت
موجودہ حالات پر میزبانوں اور دیگر کا اظہار تشویش اور بہتری کے لئے کیمونٹی کے تعاون کی یقین دہانی
اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے کیمونٹی کو اپنا سیاسی و آئینی کردار ادا کرنا ہو گا:راجہ کرشنا مورتی
شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن راجہ کرشنا مورتی کا کہنا ہے کہ امریکہ خصوصاً الی نائے میں رہنے والی اقلیتی کیمونٹیز کو اپنے آئینی و معاشرتی حقوق کے تحفظ و حصول کے لئے بھرپور عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وہ گزشتہ ہفتے 6جون کو معروف و ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت شاہدہ خان کی عالیشان رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ شاہدہ خان اور ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت طارق صدیقی کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب میں ریاست کے مختلف شعبوں کی کامیاب شخصیات نے شرکت کی ۔ قابل ذکر شرکاءمیں سلمان آفتاب، نفیس الرحمن، رش درویش اور 21وارڈ کے آلڈرمین ہاورڈ بروکنز شامل تھے۔ تقریب کے آغاز میں میزبانوں شاہدہ خان و طارق صدیقی اور دیگر شرکاءنے اقلیتوں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کے باعث ابتر صورتحال اور کورونا کی ہولناکیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات و تشویش کا اظہار کیا اور حالات کی بہتری کے لئے بالخصوص پاکستانی کیمونٹی کے تعاون و اشتراک کی پیشکش کی۔ راجہ کرشنا مورتی نے اس موقع پر Covid 19 سے تحفظ اور ضرورت مندوں کو احتیاطی وسائل کی فراہمی پر طارق صدیقی کی بے مثال خدمات کو بے حد سراہا۔ رکن کانگریس نے زور دیا کہ اقلیتی کیمونٹیز کو اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لئے نیز رنگ و نسل زبان و عقیدہ کی بناءپر ناانصافی کے لئے سیاسی منظر نامے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا اور اس کے لئے اولین فریضہ ہر شہری کا اپنا ووٹ کا حق استعمال کرنا ہے تاکہ آپ کی آواز ہر ایوان و شعبہ تک پہنچ سکے۔ راجہ کرشنا مورتی نے اعادہ کیا کہ کمیونٹی کے حقوق کے لئے نیز کورونا کی عالمگیر وباءسے نجات کے لئے وہ ہمہ وقت اپنے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ تقریب سے شکاگو وارڈ21 کے آلڈرمین ہاورڈ بروکنس نے بھی خطاب کیا۔