برسلز (پاکستان نیوز) جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں امریکی سفیر جیکی وولکوٹ نے کہا کہ ایران نے اپنے دو جوہری مراکز کے بین الاقوامی معائنوں کے متعدد بار کیے گئے مطالبے کو مسترد کرنے کا ٹھوس موقف دہرایا ہے۔ ایران پر شبہ ہے کہ ان مراکز پر اس نے جوہری مواد چھپا رکھا ہے۔جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرزکے اجلاس منعقد آئی اے ای اے میں امریکی سفیر جیکی وولکوٹ نے کہا کہ ہتھیاروں کے پھیلاو¿ کے سنگین خدشے کی وجہ یہ ہے کہ جوہری مواد کی قلیل مقدار کو بھی جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ایران کے سفیر کاظم غریب آبادی نے جواب دیا کہ آئی اے ای اے نے ابھی تک اس کا کوئی مستند جواز نہیں پیش کیا۔ انہوں نے رسائی سے انکار کے ایرانی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے، ایران کے دشمن ملک اسرائیل کی فراہم کردہ غلط اطلاعات کی بنیاد پر ان معائنوں کی درخواست کر رہا ہے۔