نیویارک (پاکستان نیوز) نائب صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلے مباحثے کے دوران ڈیموکریٹس کی امیدوار کمیلا ہیرس ری پبلیکن کے مائیک پینس پر حاوی رہیں ، ری پبلکن جماعت کے نائب صدارتی امیدوار مائیک پینس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عالمی وبا کی روک تھام کی حکمتِ عملی کا دفاع کیا جب کہ ڈیموکریٹک امیدوار کمیلا ہیرس نے اس کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا۔مباحثے کے دوران کمیلا ہیرس نے ٹرمپ کی ایران کیخلاف پالیسیوں ، ایرانی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد امریکی فوج پر ایرانی حملے سے امریکہ کی رسوائی اور نسل پرستانہ مظاہروں میں ٹرمپ کی سب ٹھیک ہے کی رٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ری پبلیکن کے امیدوار مائیک پینس دفاعی موڈ میں سوالات کے جوابات دیتے نظر آئے ۔مائیک پینس نے کمیلاہیرس کی اس بات کو تسلیم کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکیوں نے بہت چیلنجگ حالات کا سامنا کیا ہے دو لاکھ سے زائد افراد کی ہلاکت اور پھر صدر سمیت وائٹ ہاﺅس کے اعلیٰ حکام کا وائرس کا شکار ہونا تشویشنا ہے لیکن میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ صدر ٹرمپ نے اپنے دور حکومت کے پہلے روز ہی امریکیوں کی صحت کو اولین ترجیح دی ہے ، اس موقع پر ہیرس نے پینس کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ہاں بالکل لیکن یہ پالیسی کام نہیں کر سکی جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگوں نے جان گنوا دی ، دونوں امیدواروں نے90منٹ کے مباحثے میں زیادہ تر بات کورونا وائرس کے حوالے سے جانی نقصان اور اس کے حوالے سے پیدا ہونے والے معاشی خلا پر بات کی ۔