کراچی:
وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے اپنے2روزہ دورہ ایران کے دوران گورنرجنرل خراسان رضوی کے ساتھ ایم اویو پر دستخط کیے اور باہمی تجارت، سیاحت اور ثقافتی وفودکے تبادلے اور زرعی وصنعتی اور انجینئرنگ کی ریسرچ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے 9 تا 10 جولائی ایران کا دورہ کیا۔ وہ مشہد میں مقدس مقامات اور مزارات پر بھی گئے۔ دورے کے دوران انھوں نے خراسان کے گورنر جنرل علی رزم حسینی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت دونوں اطراف سے اپنے نجی اور سرکاری شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ اور تمام علاقوں میں سیاحوں کے تبادلوں سمیت دیگر امور، ثقافت وفنون اور دیگر شعبوں میں تعاون، فوڈ فیسٹیول، پینٹنگ کے حوالے سے ورکشاپ، میوزک اور دیگر فنون کے شعبوں میں تعاون اور فروغ دینے پر آمادگی کا اظہارکیا گیا۔
ایم او یو کے تحت وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر خراسان نے ابتدائی طورپر معاشی تعاون میں اضافے اور اپنی تجارتی، زرعی، صنعتی، انجینئرنگ، سائنٹیفک اور تحقیقی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شراکت کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو ترغیبات دینے پر بھی اتفاق کیاگیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر خراسان کو سندھ کے دورے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ مشہد میں حضرت امام رضا ؓ کے مزار پر بھی گئے اور مزار کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین احمد ماروی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ ایران کے دورے کے بعد گزشتہ صبح وطن واپس پہنچ گئے۔