اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، ترسیلاتِ زر بھیجنے پر قیمتی انعامی پوائنٹس

0
3

اسلام آباد (پاکستان نیوز)رپورٹ کے مطابق حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک شاندار اور تاریخی مراعاتی پیکیج کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت جو بھی اوورسیز پاکستانی بینکوں یا قانونی ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے پاکستان رقم بھیجے گا، اسے سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام کے تحت خصوصی انعامی پوائنٹس دئیے جائیں گے۔ بھیجی گئی رقم کے حجم کے لحاظ سے ان پوائنٹس کو چار مختلف کیٹیگریز یعنی گرین، گولڈ، پلیٹنم اور ڈائمنڈ میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں سالانہ 50000 ڈالر سے زائد رقم بھیجنے والے صارفین کو 1.75 فیصد تک سب سے زیادہ پوائنٹس ملیں گے۔

حکام کے مطابق ان حاصل کردہ پوائنٹس کی مدد سے اوورسیز پاکستانی یا پاکستان میں موجود ان کے نامزد کردہ اہلخانہ متعدد سرکاری خدمات بالکل مفت یا بھاری رعایت کے ساتھ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان سہولیات میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے فضائی ٹکٹ اور اضافی سامان کے چارجز کی ادائیگی، نادرا کے شناختی کارڈ اور نائکوپ کی تجدید، اور پاسپورٹ فیس کی ادائیگی شامل ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی بورڈ آف ریونیو کے تحت موبائل فون پر عائد کسٹم ڈیوٹی اور گاڑیوں پر ٹیکس کی ادائیگی بھی ان پوائنٹس کے ذریعے کی جا سکے گی۔ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے اسکولوں کی فیس، یوٹیلیٹی اسٹورز سے راشن کی خریداری اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے پریمیئم بھی انہی پوائنٹس سے ادا ہو سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو اپنے موبائل فون پر مخصوص ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے خود کو رجسٹر کرنا ہوگا، جس سے نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ملک میں قانونی راستوں سے زرمبادلہ کی آمد میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here