اسلا م آباد(پاکستان نیوز) پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہاہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت 2025میں 8ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ امریکی تعلیمی مہارت پاکستانی طلباکے لئے نئے مواقع اور معاشی تعلقات مضبوط کرسکتی ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے 11 اور 12 اگست کو لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور مشیر علی ڈار سمیت کاروباری رہنمائوں، ٹیکنالوجی ماہرین سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق ملاقاتوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، اعلی تعلیم، اختراع، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا پاکستان کے نجی شعبے، جامعات، اختراع کاروں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے وسعت پا رہا ہے، امریکا اور پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، اےآئی،ابھرتی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھاسکتے ہیں، سافٹ ویئر، ڈیجیٹل سروسز اور مصنوعی ذہانت میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔








