اسلام آباد،واشنگٹن(پاکستان نیوز)ملک میں کورونا کے مزید75 مریض انتقال کر گئے جو ساڑھے چار ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران35197 ٹیسٹ کئے گئے ،2829 نئے کیس سامنے آگئے۔ ملک میں مصدقہ کیس 4 لاکھ 3313ہو گئے جبکہ مجموعی ہلاکتیں 8166 ہو گئیں،فعال کیس49780ہو گئے ،2244 مریضو ں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں کورونا کے 778نئے کیس رپورٹ جبکہ 30مریض جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور 447،راولپنڈی97، فیصل آباد 48،ملتان میں 36کیس رپورٹ ہوئے۔ابتک2010906ٹیسٹ کیے جا چکے۔ کیمپ جیل لاہور میں 3حوالاتیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ شیخ زاید ہسپتال رحیمیارخان کے ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ پروفیسرڈاکٹر شازیہ ماجد، شوہر ڈاکٹر عبدالماجد، دو بچے اور ڈپٹی ڈی ایچ او خانپور ڈاکٹر نجیب عالم بھی متاثر ہوگئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کوشکست دیدی۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور وہ صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے پر سب کے شکر گزار ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں مزید6مریض انتقال کرگئے جبکہ1983 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔سینٹ کے ڈائریکٹر سٹاف سیف اللہ انتقال کرگئے۔ گل نواز ہسپتال بنوں کے ایڈیشنل ڈائریکٹرڈاکٹر فاروق دم تو ڑ گئے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں25 ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا کا شکار ہو چکے۔وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم،معروف اداکار بہروز سبزواری ،ڈی پی او پاکپتن نجیب الرحمن بگوی ،سیکرٹری کھیل بلوچستان عمران گچکی میں کورونا کی تصدیق ہو گئی۔ساہیوال میں پنجاب بینک چرچ روڈ کے کیشئر جواد نقوی میں کورونا کی تصدیق ہونے پر بررانچ سیل کردی گئی۔ پنجاب ایجوکیشن فاو¿نڈیشن میں دو کیس سامنے آگئے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے اساتذہ کو روزانہ کالج آنے سے روکدیا۔50 فیصد سٹاف پیر جبکہ50 فیصد جمعرات کو آئے گا۔ پنجاب اور اسلام آباد کے ہوٹلوں،ریسٹورنٹس ، کیفوں میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی لگا دی گئی۔ کھانے پینے کا انتظام صرف کھلی جگہوں پر ایس او پیز کے مطابق کیا جائے گا۔ سینٹ اورقومی اسمبلی سیکرٹرٹ کے 70 سے زائد ملازمین کا کوروناٹیسٹ مثبت آنے پرپارلیمنٹ ہاﺅس2 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینٹ سے مشاورت کے بعد وزیر اعظم ہاﺅس کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بھی دسمبر میں نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آزاد کشمیر میں مائیکرو لاک ڈاﺅن ختم کر دیا گیا۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین 6.46کروڑ جبکہ اموات14.95 لاکھ ہو گئیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران4لاکھ سے زائد کیس اور 9ہزار کے قریب ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ بالی ووڈ اداکار سنی دیول بھی کورونا کا شکارہوگئے۔ برطانیہ کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا۔برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے ویکسین آئندہ ہفتے سے دستیاب ہو گی۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ویکسین کے استعمال کے بعد زندگی معمول پر آنا شروع ہو جائیگی۔چین نے دنیا بھر کے ممالک کو فراہم کرنے کیلئے کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں تیار کر لیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اگلے ہفتے کے آخر تک بڑے پیمانے پر ویکسینیشن شروع کرنے کا حکم دیدیا۔انٹرپول نے کہا ہے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کورونا ویکسین کو براہ راست اور آن لائن نشانہ بنا سکتے ہیں جبکہ لوگوں کو جعلی ویب سائٹس کے ذریعے گمراہ بھی کر سکتے ہیں، عالمی ایجنسی نے دنیا بھر کے 194 ممالک کو حملوں کا الرٹ جاری کر دیا۔عالمی ادارہ صحت نے نئی سفارشات میں کہا ہے دکانوں، دفاتر، تعلیمی اداروں اور گھروں میں جہاں ہوا کی نکاسی کا نظام اچھا نہیں وہاں ماسک لازمی استعمال کیا جائے۔