اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی (فچ )نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں 7ماہ بعد اضافہ کر دیا،فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی پلس کردی، فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) کو ٹرپل سی سے پلس ٹرپل سی میں اپ گریڈ کردیا جبکہ اس سے قبل 2023میں فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی کی تھی۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی (فچ)کی جانب سے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ سے بہتر ہونے سے عالمی مارکیٹ میں بانڈز کا اجرابہتر ہو سکے گا جبکہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان قرض دینے میں پاکستان پر اعتماد کریں گے اور کریڈٹ بہتر ہونے پر پاکستان کا بیرونی دنیا پر اعتماد بحال ہوگا۔پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری آئی ایم ایف معاہدے کے سبب پاکستان کی فنڈنگ کی راہ ہموار ہونے کی وجہ سے کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کو نیا قرض پروگرام منظورکرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔فچ عام طور پر پلس ٹرپل سی یا اس سے نیچے کی درجہ بندی والے خودمختاروں کو آو ٹ لک تفویض نہیں کرتا۔یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا۔بتایاگیا تھا کہ قرض پروگرام کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق سٹاف سطح کے طے پانے والے معاہدے کی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری لی جائے گی جب کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے اس سلسلے میں اپنا اعلامیہ بھی جاری کردیا تھا۔ایک بیان کے مطابق نیا قرض پروگرام پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام و مضبوطی، مزید جامع اور لچکدار ترقی کیلئے حالات پیدا کرنے کے قابل بنائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ پاکستان کی درخواست پر آئی ایم ایف مشن نے 13 مئی سے 23 مئی تک پاکستان کا دورہ کیاتھا۔