ہیوسٹن جلسے میں ٹرمپ اور مودی گٹھ جوڑ بے نقاب

0
382

ہوسٹن:

مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی غیر معمولی گرم جوشی نے دونوں رہنماؤں کے درمیان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم کے اعزاز میں ہونے والے جلسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ہزاروں بھارتی نژاد امریکیوں کے سامنے اپنے قریبی اور ذاتی تعلقات کا اظہار کیا ہے تاہم دونوں رہنما اپنے اسلام مخالف جذبات کو چھپانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئے۔

صدر ٹرمپ پہلے ہی مسلم دشمنی اور نفرت انگیز گفتگو کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند اسلامی جماعتوں کے ہاتھوں اپنی عوام کو یرغمال بننے نہیں دیں گے اور عام بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو شدت پسندوں سے بچانے کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے مظالم کو چھپانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت کو بدنام کرنا کچھ لوگوں کا اولین ایجنڈا ہے، ہم نے کشمیر کو ترقی اور برابر کا درجہ دیا جس سے کسی ملک کو تکلیف ہورہی ہے۔

یہ خبر پڑھیں: امریکا میں مودی کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

بھارتی وزیراعظم کے جلسے میں امریکی صدر کے علاوہ ڈیموکریٹک پارٹی کے اہم عہدیدار بھی شریک تھے، بیگانے کی شادی میں دیوانہ کے مصداق مودی کے جلسے میں صدر ٹرمپ کی گرم جوشی کی وجہ تجزیہ کاروں نے امریکی انتخابات کی تیاری کو قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے چاپلوسی کی اعلٰی مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں آنے والے غیر قانونی پناہ گزینوں کے معاملات کو دیکھنے سے قبل ہم اپنے بھارتی نژاد امریکی شہریوں کا خیال رکھیں گے اور انہیں اس سرزمین پر کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔

دوسری جانب جس وقت جلسہ گاہ میں صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی اپنے گٹھ جوڑ کا عملی مظاہرہ کر رہے تھے عین اسی وقت فٹبال اسٹیڈیم کے باہر سیکڑوں مظاہرین مودی سرکار کے مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے ’فری کشمیر‘ کے پلے کارڈز اٹھائے احتجاج کررہے تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقامی کشمیری رہنماؤں نے نریندر مودی پر مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جبر و تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے دعویداروں نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here