اسلام آباد:
حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر من گھڑت ہے۔
حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی قیادتیں انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات سے لطف اندوز ہوتی ہے، شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر من گھڑت ہےجسے مسترد کرتے ہیں۔
حکومتی ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ہفتہ وار میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں عالمی رہنماوٴں کے ساتھ وزیر اعظم کی کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ۔ رپورٹ میں ترکی اور ملائشیا کے رہنماوٴں سے وزیر اعظم کی ملاقاتوں پرخود ساختہ نظریہ بنایا گیا، آرٹیکل کا مقصد سیاسی فوائد کے لئے 2 ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے، حزب اختلاف کی مایوسی کا انکشاف اسلامی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش سے ہوتا ہے۔ مفادات کے حامل افراد ہی اس طرح کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد دعووں کے ساتھ سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خصوصی طیارے کے ذریعے واپس آرہے تھے کہ طیارے میں مبینہ طور پر فنی خرابی کے باعث انہیں واپس امریکا جانا پڑا تھا۔