کراچی:
فیشن پاکستان ویک 2019 کے دوران معروف ڈیزائنر صبا اسد وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ ریمپ پر واک کرتے ہوئے گر گئیں۔
کراچی میں منعقد ہونے والا 3 روزہ فیشن پاکستان ویک 2019 اپنے اختتام کو پہنچا تاہم اس دوران جہاں ملک کے معروف ڈیزائنرز نے خوبصورت لباس فیشن شو میں پیش کیے، وہیں کچھ ایسے واقعات بھی ہوئے کہ جس کی وجہ سےیہ تقریب لوگ بھول نہیں پائیں گے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: فیشن شو کے دوران ’’اللہ ہو‘‘ پڑھنے پرسوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ
فیشن پاکستان ویک کے تیسرے روز وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے فیشن ڈیزائنر صبا اسد کے لباس کو پیش کیا اور شواسٹاپر بنیں۔ اس موقع پر شنیرا اکرم آسمانی رنگ کے کامدار لباس میں مشرقی انداز اپنائے نہایت خوبصورت نظر آئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شنیرا نے فیشن شوز کی روایات کے برخلاف اونچی ایڑی کی سینڈلوں کی جگہ جوگرز پہن کر ریمپ پر واک کرکے لوگوں کو حیران کردیا۔ لوگوں کو ان کا لباس اور انداز بے حد پسند آیا۔
شو کے آخر میں جب شنیرا ڈیزائنر صبا اسد کے ساتھ ریمپ پر واک کررہی تھیں اس دوران صبا اسد کی اونچی ایڑی شنیرا کے لباس میں پھنس گئی جس کے باعث صبا اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور زور دار انداز میں گھٹنوں کے بل گرگئیں۔ صبا کے گرنے کا منظر دیکھ کر ہال میں موجود شائقین حیران رہ گئے۔
ڈیزائنر صبا اسد کے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ ڈیزائنر کے اسٹیج پر گرنے پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ فیشن پاکستان ویک کے دوران صرف شنیرا اکرم نے ریمپ پر واک نہیں کی بلکہ وسیم اکرم بھی ڈیزائنر شیزا حسن کی سیاہ شیروانی اور سفید رنگ کے ٹراؤزر میں نظر آئے۔ انہوں نے بنارسی شال بھی اوڑھ رکھی تھی۔