نیویارک (پاکستان نیوز)ساؤتھ ایشین امریکن سمال بزنس ایسوسی ایشن (ساسبا) کے زیر اہتمام ویلی اسٹریم کے بینڈ شیل پارک میں اتوار، 30 اگست کو پہلے تاریخی پاکستان ڈے فیسٹیول کا شاندار اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کے لیے مقامی پاکستانی کمیونٹی میں ایک نیا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ۔میلے کا بنیادی مقصد پاکستانی ثقافت، رواں روایات اور باہمی اتحاد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ اس پروگرام کی سب سے اہم خصوصیت تمام شرکاء کے لیے مفت داخلہ اور گاڑیوں کی مفت پارکنگ کی سہولت ہے تاکہ گرد و نواح سے ہزاروں خاندان اس جشن کا بلا جھجھک حصہ بن سکیں۔ دن کے 2 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہنے والے اس میلے کے لیے میئر آفس کے قریبی سرسبز میدان میں وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تقریب کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے منتظمین اور آرگنائزنگ کمیٹی کی انتھک محنت کا بنیادی کردار رہا ہے۔ اس سلسلے میں شمشاد احمد، مجیب لودھی، چوہدری اکرم، محسن شاہ، حمزہ اکرم، سہیل اسلم، عدیل رحمان، قرار نقوی، چوہدری احسان، راشد خان، عذرا دھر، عون نقوی، اطہر نواز، ہمایوں زمان، سجاد چوہدری، چوہدری چاند ذوالفقار، اعجاز شیخ، ارشد گل، امتیاز احمد، چوہدری رفیق، عرفان بھائی، صفدر ہمایوں قریشی، اسلم پرویز، اسد اقبال، شفیق مہار، شیراز امان، ڈاکٹر انعم، رفاقت اللہ، کامران اکرم، نعمان شبیر، عاصم ملک، ریحان مکاتی، عامر رسول، وکیل انصاری، وسیم سید، اقبال کھوکھر، قمر یوسف، فاروق وڑائچ، لوِلی جسوندر سنگھ اور شیراز خان دن رات کوشاں ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین کے شعبے سے ناہید بھٹی، ڈاکٹر سلمہ اور ڈاکٹر انعم کی فعال شرکت اور انتظام نے میلے کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا ہے۔میلے میں ہر عمر کے لوگوں کے لیے تفریح کا بھرپور سامان مہیا کیا جائے گا۔ بچوں کی خوشی کے لیے خصوصاً باؤنسی کاسل اور دلکش جھولے نصب کیے جائیں گے۔ فیملیز کے لیے کپڑوں کے برانڈز، روایتی ملبوسات، آئس کریم ٹرک اور ذائقہ دار پاکستانی کھانوں کے درجنوں اسٹالز لگائے جائیں گے جو وہاں کے ماحول کو ایک روایتی پاکستانی میلے میں بدل دیں گے۔ اس رنگارنگ تقریب کی رونق کو دگنا کرنے کے لیے پاکستان کے نامور اور عالمی شہرت یافتہ فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ نامور گلوکارہ حمیرا ارشد، ریزی آر جے اور انزی ڈی ایکس اپنے نغموں اور آواز کے سحر سے حاضرین کا دل جیتیں گے۔ یہ میلہ نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنے گا بلکہ دیارِ غیر میں مقیم پاکستانی برادری کو اپنی جڑوں اور روایات سے جوڑے رکھنے میں ایک کلیدی کردار ادا کرے گا۔








