نیویارک(پاکستان نیوز)بروکلین میں بیلٹ پارک وے پر 86 ویں اسٹریٹ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں تین نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ رپورٹ کے مطابق منگل کی رات دیر گئے 11:35 بجے تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور نے اچانک بریکیں لگائیں جس کے نتیجے میں پیچھے سے آنے والی گاڑی اس سے بری طرح ٹکرا گئی۔ اس خوفناک ٹکر کے باعث گاڑی الٹ گئی اور اس میں سوار وہ نوجوان باہر جا گرے جنہوں نے حفاظتی سیٹ بیلٹ نہیں باندھ رکھی تھی۔اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ پاکستانی نڑاد نوجوان عبدالرحمان، 18 سالہ ڈرائیور حذیفہ عزیز الجہیم اور 17 سالہ قسطنطین جیرانتیڈی شامل ہیں۔ عبدالرحمان اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا جو نماز کا پابند اور کھیلوں کا شدید شوقین تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو قریب واقع این وائی یو لینگون اور مائمونیڈس میڈیکل سینٹر منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے تینوں نوجوانوں کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ گاڑی کی انتہائی تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ تھی، جبکہ ڈرائیور کا پہلے بھی تیز رفتاری کے چالان کا ریکارڈ موجود تھا۔ واقعے میں مزید چار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ اس دردناک واقعے نے مقامی برادری خصوصاً پاکستانی برادری کو شدید غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔










