کراچی:
اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ انہیں کامیاب ہونے کے لیے اداکار فواد خان یا ہدایتکارسنجے لیلا بھنسالی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ کیریئراورزندگی میں کامیاب ہونے کے لیے جس کی ضرورت ہوتی ہے وہ بس اچھی پرفارمنس ہوتی ہے۔
ڈراما سیریل ’دوبول‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ حرامانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کامیاب زندگی کا طریقہ بتاتے ہوئے نظر آرہی ہیں کہ انہیں کامیاب ہونے کے لیے فواد خان جیسے سپراسٹار یا سنجے لیلا بھنسالی جیسے ہدایت کار کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایک انسان کو زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہے اچھی پرفارمنس اور وہ آپ کہیں بھی دے سکتے ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: صرف ایک شخص کی وجہ سے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سائن کیا، حرا مانی
حرا مانی نے اپنی کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئرکے پہلے ڈرامے ’’پیرنہ کریو کوئی‘‘میں مرکزی کردار ادا کیا تھا بعد ازاں انہوں نے اپنے دوسرے ڈرامے میں ثانوی کردار ادا کیا پھرمرکزی کردار ادا کیا اورپھر ثانوی کردار ادا کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ میری طرح کوئی اداکار اپنے کرداروں سے کھیلتا نہیں ہے اور میں اپنے منہ سے یہ بات بول رہی ہوں کہ میں ایک واحد لڑکی ہوں جو اس انڈسٹری میں بچوں کے بعد ہیروئن بنی۔
حرا مانی نے کہا کہ میں نے رسک لیا ہے کہ کیا میں دو بچوں کے ساتھ بھی ہیروئن بن سکتی ہوں اورکیا لوگ بطور ہیروئن بچوں کی ماں کو قبول کریں گے۔
واضح رہے کہ حرا مانی کے کیریئر میں اس وقت عروج آیا جب ان کا ڈراما ’دو بول‘ نشر ہوا۔ اس ڈرامے کی کامیابی کے بعد حرا مانی کا شمار بھی پاکستان شوبز انڈسٹری کی مصروف ترین اداکاراؤں میں ہونے لگا ۔ آج کل وہ کامیاب ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہانیہ نامی ٹیچر کا کردار اداکررہی ہیں۔
اداکارہ حرا مانی نے 2008 میں اداکارو پروڈیوسر سلمان ثاقب شیخ عرف مانی سے شادی کی تھی جن سے ان کے دوبیٹے مزمل اور ابراہیم ہیں۔