واشنگٹن (پاکستان نیوز) صدرٹرمپ نے سابق امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کو پاگل کتاقراردیدیا، جیمز میٹس کی جانب سے ایک مضمون میں ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، دلبرداشتہ ہوکر رد عمل میں ٹرمپ نے مزید کہا باراک اوبامہ اور میرے درمیان ایک بات مشترک ہے کہ ہمیں میٹس کو برطرف کرنے کا اعزاز حاصل ہے ، میٹس دنیا کا سب سے زیادہ وقعت دیا گیا جنرل ہے۔ میں نے اسے ایک نئی زندگی دی تھی، میٹس کی بنیادی مضبوطی ایک فوجی کے طور پر نہیں تھی بلکہ اس کی مضبوطی ذاتی تعلقات کی بنا پر تھی، ٹرمپ نے کہا میٹس کا لقب ” انتشار“ تھا جو مجھے پسند نہ تھا، میں نے اسے تبدیل کرکے ”پاگل کتا “ کردیا۔ جنوری 2019 میں ٹرمپ نے میٹس کو برطرف کیا تھا۔ سابق امریکی وزیر دفاع جنرل جیمزمیٹس نے اپنے بیان میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی حمایت کی اور ٹرمپ کو ملکی آئین کے لیے خطرہ قرار دیا ، سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ٹرمپ عوام کو منقسم کرنے کی کوشش میں ہیں، ٹرمپ اپنی طاقت کا غیر قانونی استعمال کر رہے ہیں جبکہ وہ ’بالغ قیادت‘ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، خوش ہوں کہ ٹرمپ کی انتظامیہ سے علیحدگی اختیار کر چکا ہوں، دی اٹلانٹک کے مطابق دو سال تک خاموش رہنے والے جیمز میٹس نے اپنے ایک مضمون میں کہا صدر ٹرمپ امریکی شہریوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں لانا چاہتے ہیں ، ٹرمپ پہلے صدر ہیں جو امریکی عوام کو متحد کرنے کی کوشش نہیں کرتے حتی کہ ایسا ظاہر تک نہیں کرتے ، اس کی بجائے وہ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔