FBI کی جانب سے بھارتی نژاد شہری کی گرفتاری کیلئے10 لاکھ ڈالر انعامی رقم

0
11

واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سال 2015 سے روپوش بھارتی شہری بھدریش کمار چیتن بھائی پٹیل کی گرفتاری کے لیے معلوماتی انعام کی رقم کو بڑھا کر اب 10 لاکھ ڈالر کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ پٹیل پچھلے 11 برسوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دے رہا ہے اور وہ امریکی ادارے کی 10 انتہائی مطلوب ترین مفرور افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ 12 اپریل 2015 کو میری لینڈ کی ایک دکان پر پیش آیا جہاں پٹیل اور اس کی 21 سالہ اہلیہ پالک پٹیل نائٹ شفٹ پر کام کر رہے تھے۔ تحقیقات کے مطابق دونوں میاں بیوی کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی اور پالک واپس بھارت اپنے گھر جانا چاہتی تھی جبکہ پٹیل اس کے سخت خلاف تھا۔ اسی بات پر تنازعہ ہوا اور پٹیل نے دکان کے عقبی کمرے میں اپنی بیوی پر چاقو سے پے در پے وار کر کے اسے بے دردی سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ قتل کے بعد ملزم نے اپنے قریبی اپارٹمنٹ سے پاسپورٹ اور رقم اٹھائی اور ٹیکسی کے ذریعے نیو جرسی کے ہوائی اڈے کے قریب ایک ہوٹل پہنچا۔ اگلی صبح 13 اپریل 2015 کو وہ ہوٹل سے نکل کر نیوارک پین اسٹیشن گیا جہاں اسے آخری بار دیکھا گیا اور اس کے بعد وہ ٹرانزٹ سسٹم میں غائب ہو گیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق 36 سالہ پٹیل انتہائی خطرناک اور مسلح ہو سکتا ہے اور اس کے کینیڈا یا بھارت فرار ہونے کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here