اسلام آباد:
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وزیراعظم سے متعلق جھوٹی خبرنشرکرنے کی شکایت پر چینل اور اینکرکو 7یوم کے اندر معافی نشر کرنے کے احکام جاری کر دیے جب کہ 10لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کے احکام جاری کیے گئے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پروگرام ’’نجم سیٹھی کے ساتھ‘‘ میں وزیراعظم سے متعلق جھوٹی خبرنشرکرنے کی شکایت پر چینل 24اور اینکرکو 7یوم کے اندر معافی نشر کرنے کے احکام جاری کر دیے۔پیمرا نے چینل 24کو 7 یوم کے اندر 10لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کے احکام جاری کیے ہیں۔
اس حوالے سے میسرز بابر اعوان اینڈ ایسوسی ایٹس کے ذریعے دائر کردہ وزیراعظم عمران خان کی شکایت پر پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد نے اپنے 24اپریل 2019ء کو منعقدہ 59ویں اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا (پروگرام و اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015ء کی شق 18کے تحت معافی نشر کرنے کی سفارشات دی تھیں۔
احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چینل 24کے پروگرام ’’نجم سیٹھی کے ساتھ‘‘ کی نشریات پر 30دن کے لیے پابندی کا اطلاق ہو گا۔ اگر چینل پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں جزوی یا مجموعی طور پر ناکام رہا تو اتھارٹی چینل کے لائسنس کی معطلی یا منسوخی کیلئے اقدامات کرے گی۔