بماکو:
افریقی ملک مالی میں مبینہ فوجی بغاوت کے بعد صدر ابراہیم بوبکر مستعفی اور پارلیمان تحلیل کردی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی میں مبینہ فوجی بغاوت کے نتیجے میں صدر ابراہیم بوبکر نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرتے ہوئے خود بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ملکی اقتدار پر فوج قابض ہوچکی ہے۔
سرکاری ٹیلی وژن پر مختصر خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم بوبکر کا کہنا تھا کہ وہ ملک کو خونریزی سے بچانے کے لیے اپنے عہدے سے مستعفی اور پارلیمان کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ خطاب انہوں نے چند گھنٹے قبل دارالحکومت بماکو میں باغی فوجیوں کی جانب سے سرکاری رہائش گاہ پر نظر بند کیے جانے کے بعد کیا۔
دارالحکومت بماکو کی اہم سرکاری عمارتوں پر فوجی اہلکار تعینات ہیں جب کہ سڑکوں پر فوجی اور بکتر بند گاڑیوں کا گشت جاری ہے۔ ملک میں شدید تناؤ ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ صدر ابراہیم کے ناقدین شدت پسند مسلم جماعتوں پر قابو پانے میں ناکامی کو فوجی بغاوت کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔