لاہور:
انڈر19کرکٹر کے حالات دیکھ کر محمد حفیظ کا دل رو پڑا، انہوں نے جونیئر ورلڈ کپ 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے احمد شفیق کی بے روزگاری پر آل راؤنڈر نے افسردگی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی وجہ سے کرکٹرز کی بڑی تعداد بے روزگار ہوئی،کئی اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے والے ہیں،چند نوجوان کھلاڑیوں کو مسلسل نظر انداز کیا گیا، کسی ٹیم میں جگہ نہ بنا پانے کی وجہ سے وہ ماہانہ تنخواہ سے بھی محروم ہوئے اور دلبرداشتہ ہوکر کھیل کو ہمیشہ کیلیے خیرباد کہنے کا فیصلہ کررہے ہیں، ان میں سے ایک احمد شفیق بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈر 19ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے باصلاحیت کرکٹر کا ستارہ کچھ انداز میں گردش میں آیاکہ مسلسل2 سال سے نظر انداز کئے جاتے رہے ہیں، اب انھوں نے ہمیشہ کیلیے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سوشل میڈیا پر پیغام پر محمد حفیظ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بڑی افسوسناک حقیقت ہے، مواقع اور مالی مدد نہ ملنے کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ محمد حفیظ، مصباح الحق اور اظہر علی کے ہمراہ کرکٹرز کی بے روزگاری کا مقدمہ لے کر وزیر اعظم عمران خان کے پاس بھی گئے تھے لیکن کامیابی نہ حاصل ہوسکی۔
دوسری جانب ایک انٹرویو میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ بورڈ ملازمتیں فراہم کرنے والا ادارہ نہیں،ہمارا اصل کام کھیل کے فروغ کیلیے اقدامات اٹھانا ہے تاکہ ایک مضبوط قومی ٹیم تشکیل دی جا سکے، پاکستان کو کامیاب ٹیموں میں شامل کرنے کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔