ممبئی:
فلم ’’ جُگ جُگ جیو ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار ورون دھون، نیتو سنگھ اور منیش پول سمیت ہدایت کار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
ڈائریکٹر راج مہتہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’ جُگ جُگ جیو ‘‘ کی شوٹنگ چندی گڑھ میں زور و شور سے جاری تھی جس میں رشی کپور کی اہلیہ و اداکارہ نیتو سنگھ طویل عرصے بعد بڑے پردے پر واپس آئی ہیں۔ فلم میں مرکزی کردار ورون دھون ادا کر رہے ہیں تاہم اس دوران فلم کی کاسٹ سمیت دیگر اسٹاف کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔
ورون دھون نے انسٹا گرام پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ میں کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں اور پروڈکشن ٹیم کی جانب سے اپنائی گئی تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود ہم اس وباء سے بچ نہ سکے اس لیے تمام لوگ اپنی بہت حفاظت کریں۔
دوسری جانب نیتو سنگھ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے فوری طور پر شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر ایئر ایمبولینس کے ذریعے چندی گڑھ سے ممبئی واپس آگئیں۔ جب کہ فلم میں اہم کردار کرنے والے منیش پول اور ہدایت کار راج مہتا نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا۔