لاہور :
رہنما (ن) لیگ حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے۔
ن لیگی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے، ذرائع کے مطابق نیب نے حمزہ شہباز کے خلاف چارج شیٹ تیار کرلی ہے جس میں حمزہ شہباز پر کھاتوں میں جعلی اکاؤنٹس سے لاکھوں ڈالر منتقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے اثاثہ جات میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا، خدشہ ہے کہ حمزہ شہباز ریکارڈ میں ردوبدل نہ کرلیں لہذا ان سے تفتیش کیلئے گرفتاری انتہائی ضروری ہے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرے خاندان کو ہمیشہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، نیب اس وقت موجودہ حکمرانوں کا آلہ کار بنا ہوا ہے، ڈی جی نیب شریف خاندان کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور خفیہ دستاویزات میڈیا کو بھجوائی جاتی ہیں۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نے ہمارے خلاف آشیانہ، رمضان شوگر اور اثاثے کیس ناجائز طور پر بنائے، نیب سے مکمل تعاون کر رہا ہوں جس کے بعد گرفتاری اور چھاپوں کی ضرورت نہیں،عدالت ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرے جب کہ نیب کو چھاپوں اور گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔
حمزہ شہباز کی ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عدالت کو جانے والے راستوں پر پولیس اور سادہ کپڑوں میں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کے روز حمزہ شہباز کو نیب کی جانب سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔