نیویارک (پاکستان نیوز)اسلامی دنیا اور مغربی ممالک میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے سلسلے میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد پاکستان، امریکہ اور سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اہم اجلاس کراچی میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف حصوں بالخصوص کراچی، ملتان، راولپنڈی اور پشاور سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں بدھ 27 مئی کو عیدالاضحیٰ منانے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ دوسری جانب امریکہ میں بھی فلکیاتی حسابات اور مسلم تنظیموں کے فیصلوں کے مطابق چاند کی رویت کی تصدیق ہو چکی ہے، جس کے تحت امریکہ اور کینیڈا میں بھی ذوالحجہ کا آغاز 18 مئی سے ہو چکا ہے اور وہاں بھی عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔ اسی طرح سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں اتوار 17 مئی کی شام چاند دیکھنے کے بعد پیر 18 مئی کو پہلی ذوالحجہ کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ منگل 26 مئی کو ادا کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہوگی۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیونس وہ پہلا ملک تھا جس نے سب سے پہلے چاند دیکھنے کی تصدیق کی تھی جبکہ ترکیہ نے اپنے سائنسی اور فلکیاتی نظام کے تحت پہلے ہی 27 مئی کو عید منانے کا شیڈول جاری کر رکھا تھا۔











