نیویارک (پاکستان نیوز)ٹی وی چینل سی بی ایس نیوز نے ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی مذاکرات کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل کو امریکہ اور ایران دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کا مکمل اعتماد حاصل ہے، جس کی بدولت وہ اس پیچیدہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران نے ان سفارتی کوششوں میں ایک بڑی پیش رفت پیدا کی۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں جہاں خلیجی ممالک اور لبنان بھی تنازع کا حصہ بنے ہوئے ہیں، وہاں صرف پاکستان ہی وہ واحد ملک ثابت ہوا جس نے مجوزہ معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی۔ تہران سے واپسی پر یہ مسودہ ایرانی اور امریکی قیادت کو حتمی جائزے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس پورے ثالثی عمل کی کامیابی کا سب سے اہم عنصر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اپنے پسندیدہ فیلڈ مارشل کے طور پر بھی یاد کر چکے ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران پاکستانی حکومت اور فوج نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی مؤثر سفارت کاری کا مظاہرہ کیا۔ رپورٹ میں یاد دلایا گیا ہے کہ پاکستان ماضی میں بھی عالمی سطح پر اہم سفارتی روابط قائم کروانے کی تاریخ رکھتا ہے، جس کی سب سے بڑی مثال امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات کی بحالی میں اس کا تاریخی کردار ہے۔











