نیویارک میں خوفناک حادثہ، پاکستانی افتخار یعقوب شدید زخمی

0
7

نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک کی لانگ آئی لینڈ ایکسپریس وے پر رات پیش آنیوالے ایک المناک شٹل بس حادثے میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک پاکستانی نڑاد امریکی شہری افتخار یعقوب شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہوائی اڈے سے مسافروں کو لے جانے والی ایک بس بے قابو ہو کر سڑک کے درمیان موجود رکاوٹوں سے ٹکرانے کے بعد مخالف سمت میں جا پہنچی اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔ اس دوران پاکستانی نڑاد اوبر ڈرائیور افتخار یعقوب کی گاڑی بھی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔ افتخار یعقوب کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ گزشتہ تیس برس سے زائد عرصے سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر کوینز کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا طبی علاج جاری ہے۔ واقعہ میں بس کا ڈرائیور اور ایک مسافر ہلاک ہوئے جبکہ پندرہ سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عمان سے آنے والی ایک فضائی کمپنی کا عملہ سوار تھا جو ہوائی اڈے سے ہوٹل کی جانب گامزن تھا۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے پر معلوم ہوا ہے کہ بس ڈرائیور کا سابقہ ریکارڈ ٹریفک قوانین کی متعدد خلاف ورزیوں اور خطرناک ڈرائیونگ جیسے واقعات سے بھرا ہوا تھا۔ افتخار یعقوب کے لواحقین اور دوستوں نے کمیونٹی سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ واقعے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here